’پیسوں کا لالچ اور جی پی ایس لوکیشن‘: مظفر آباد میں حملے کا نشانہ بننے والی مسجد کی معلومات انڈیا کو دینے کے الزام میں گرفتار شخص کون ہے؟
چھ مئی کی رات تھی جب انڈیا نے پاکستان اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقوں پر فضائی حملے کیے تھے۔ اور ایسے ہی ایک حملے میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر مظفرآباد میں واقع بلال مسجد کو شدید نقصان پہنچا تھا اور حکام کے مطابق اس واقعے میں تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے کے لگ بھگ ساڑھے تین ماہ بعد مظفر آباد پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے ایک ایسے ملزم کو گرفتار کیا ہے جس نے ’بلال مسجد کی جی پی ایس لوکیشن واٹس ایپ کے ذریعے انڈین خفیہ ایجنسی کو فراہم کی تھی۔‘ گرفتار کیے گئے ملزم کا نام عبید بتایا گیا ہے جبکہ اُن کا تعلق راولاکوٹ سے ہے۔ کشمیر پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے ایس ایس پی ریاض مغل نے بی بی سی کو بتایا کہ ملزم عبید کے خلاف 23 جولائی کو تھانہ صدر میں پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ اُنھوں نے کہا کہ ملزم کو گرفتاری کے بعد مقامی عدالت میں چالان پیش کیا گیا تھا اور اب انھیں جیل منتقل کیا جا چکا ہے۔









