Skip to content

وفاقی وزیر تجارت کا ڈھاکا میں اسکوائر فارماسیوٹیکلز کا دورہ، دوطرفہ صنعتی تعاون پر زور

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اپنے بنگلہ دیش کے سرکاری دورے کے دوران ڈھاکہ میں واقع سکوائر فارماسیوٹیکلز پی ایل سی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔

اس موقع پر وزیر تجارت نے ادارے کی منیجمنٹ، منیجنگ ڈائریکٹر اور سینئر حکام سے ملاقات کی، جنہوں نے انہیں بنگلہ دیش کی دواسازی صنعت کی ترقی اور اس میں معاون حکومتی پالیسیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے پلانٹ کا دورہ کیا اور پیداواری عمل، معیار کنٹرول اور تحقیق و ترقی کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کمپنی کی پیشہ ورانہ مہارت اور عالمی معیار کی سہولیات کو سراہا۔ جام کمال خان کے ہمراہ وزارتِ تجارت کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فارماسیوٹیکل شعبے میں تعاون بڑھانے اور تجارتی بہاؤ کو آسان بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی دواسازی صنعتیں باہمی تعاون، تحقیق، اور علم کے تبادلے کے ذریعے خطے کی صحت عامہ کی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے مشترکہ منصوبوں، پیداواری شراکت داری، اور ریگولیٹری ہم آہنگی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔